وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت زرعی شعبے کی اصلاحات پراجلاس ہوا جس میں زرعی اصلاحات کیلئے مختلف شعبوں کی 8 سب کمیٹیوں نے وزیراعظم کو سفارشات پیش کیں جس میں قلیل، وسط اور طویل مدتی جامع منصوبہ بندی شامل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو سہولیات فراہم کرے گی، کسانوں کوکم لاگت پر بروقت معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔
شہباز شریف کاکہنا تھا کہ کسانوں کو غیرمعیاری بیج اورپیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کا سدباب کیا جائےگا، حکومت کسانوں کو جدید مشینری اورقرضوں میں سہولت دے گی۔