پی سی بی نے انگلینڈ کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے، یہ میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کرچکا ہے، جس میں سے 5 میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔

ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی کا بیان:

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈکے ٹیسٹ اسکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر بہت خوشی ہوگی۔ آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان میں مدمقابل آنے والی دونوں ٹیموں کی کرکٹ میں بہت تبدیلی آچکی ہے۔

انہیں امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے دلدادہ ناظرین کی توقعات کے عین مطابق دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔

ذاکر خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ فینز کو انگلینڈ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا نظارہ کرنے کے لیے 17 سال تک انتظار کرنا پڑا ہے گو کہ ان میں سے اکثر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان آچکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کسی ملک کے لیے کھیل کا اہم ترین فارمیٹ ہوتا ہے۔

شیڈول

1 تا 5 دسمبر – پہلا ٹیسٹ، راولپنڈی
9 تا 13 دسمبر – دوسرا ٹیسٹ، ملتان
17 تا 21 دسمبر – تیسرا ٹیسٹ، کراچی

اپنا تبصرہ بھیجیں