برطانیہ کے شہر مشرقی لیسٹر میں 15 ستمبر کے روز پاک بھارت میچ کے دوران شروع ہونے والی ہندو مسلم کشیدگی برمنگھم سٹی سینٹر تک پہنچ گئی
ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے بعد پاکستانی برٹش اور بھارتی برٹش نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے پیش نظر اب تک 30 سے زائد نوجوان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
برمنگھم میں نوجوانوں کے ایک گروپ نے مظاہرہ کیا جس کے بعد کمیونٹی رہنماؤں نے نوجوانوں کو صبر و تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر محتاط رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران بھی مشرقی لیسٹر کے کچھ علاقوں میں پاکستانی برٹش اور انڈین برٹش آمنے سامنے آگئے تھے، جس دوران دونوں گروپوں کی جانب سے ’نسل پرستانہ اور نفرت انگیز نعرے بازی‘ کی گئی۔
اس حوالے سے برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ اس احتجاج کے پیچھے کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی لیکن جو لوگ بھی اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔