خاتون جج سے متعلق دھمکی آمیز بیان پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کرنے کے فیصلے پر مریم نواز نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر فیصلے سے متعلق خبر شیئر کرتے ہوئے ایک بیان بھی جاری کیا۔
مریم نے لکھا کہ ’توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے، سو کیس خارج ہو گیا کہنے کی بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ فتنہ کو معافی ملی ہے، درگزر ہوا ہے‘۔
یاد رہے کہ خاتون جج سے متعلق توہین آمیز بیان پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی اور گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خاتون جج سے معذرت کرنے کے لیے ان کی عدالت بھی گئے تھے تاہم وہ موجود نہیں تھی جس پر عمران خان نے ان کے ریڈر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ زیبا چوہدری صاحبہ کو بتایا، عمران خان معذرت کرنے آئے تھے۔