گزشتہ روز ہونے والے بریک ڈاؤن کے بعد ملک میں بجلی کی جنریشن اور ٹرانسمیشن کا نظام بحال کردیا گیا ہے ۔
اعلامیہ پاور ڈویژن کے مطابق کراچی کو نیشنل گرڈ سے دی جانے والی بجلی بھی مکمل بحال کردی گئی ہے اور ملک میں بجلی کی جنریشن اور ٹرانسمیشن کا نظام بحال کردیا گیا ہے ۔
10 سال میں 16 واں بریک ڈاؤن.
ذرائع کے مطابق یہ بجلی کا بڑابریک ڈاؤن تھا جس پر 24 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہیں پایا جاسکا، خرابی کاپتا لگانےمیں ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 10سال کےدوران یہ 16 واں بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے باعث گرڈاسٹیشنز پر فریکوئنسی ایشوبرقرار ہے۔
ملک کےجنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی آئی: پاور ڈویژن
دوسری جانب پاور ڈویژن کے اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ ملک کےجنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی آئی جس سے پاورپلانٹس مرحلہ وارٹرپ ہو رہے ہیں، بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ آرہی ہے، خرابی دور کرکے بجلی جلد بحال کردی جائےگی۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جنوبی پاور سسٹم میں خرابی کی وجہ تلاش کی جارہی ہے، بجلی کا نظام جلد ہی بحال کردیا جائےگا۔
علاوہ ازیں واپڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو تھرمل پاور میں فنی خرابی کے باعث تمام 6 یونٹ ٹرپ کرگئےہیں اور 832 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے، جیکب آباد، شکارپور، سبی، دادو، راجن پور، رحیم یار خان اور گھوٹکی کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق جنوبی پنجاب میں فالٹ سے لیسکوسسٹم پرعارضی لوڈ پڑا تھا، این ٹی ڈی سی سسٹم میں فالٹ سے 2 گرڈاور 20 فیڈرزبندہوگئے تھے جنہیں لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے بحال کردیا گیا ہے۔