چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان غور سے سنیں، پھر موقع ملے یا نہ ملے،میں جب تک زندہ ہوں چوروں کا مقابلہ کروں گا اور قوم کو تیار کروں گا، زندہ معاشرہ انصاف کیلئے کھڑا ہوتا ہے اور ظلم و نا انصافی کے سامنے کھڑے ہونا ہی جہاد ہے۔
سیالکوٹ میں طلباء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں بڑا ڈاکو وزیر اعظم بن جاتا ہے، پاکستان میں بڑے چور باہر اور چھوٹے جیلوں میں ہیں، ہمارا ملک پیچھے رہ گیا اور باقی دنیا آگے نکل گئی کیونکہ یہاں انصاف نہیں ہے، قومیں وہ اوپر جاتی ہیں جو عوام کے لئے تعلیم بہتر کرتی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں طاقتور کا قانون چلتا ہے اور طاقتور ڈاکے مارتا ہے تو این آر او مل جاتا ہے، قوم یاد رکھے گی کہ صحافی ارشد شریف نے بہادری کا مظاہرہ کیا، ارشد شریف ملک کے لئے جدوجہد کر رہا تھا، ہر دور میں ظالم سے مقابلے کی روایت رہی ہے۔