عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاجی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
لاہور
لاہور میں شنگھائی پل اور چونگی امرسدھو پر پی ٹی آئی کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے، جس کی قیادت اعجاز چودھری کر رہے ہیں۔
اس دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی اور اُن سے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنان نے مین لاہور قصور روڈ بھی بلاک کر دیا۔
گجرات
گجرات میں پی ٹی آئی کارکنان نے شاہین چوک پر ٹریفک بلاک کر دی، جس کے باعث جی ٹی روڈ بائی پاس پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کارکنان نے وفاقی حکومت کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
رحیم یار خان
رحیم یارخان میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج بیس گھنٹے سے جاری ہے، جس کے باعث قومی شاہراہ بند ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہری ٹریفک جام میں پریشان ہیں اور سامان کی ترسیل معطل ہوچکی ہے۔
گذشتہ روز نمازِ جمعہ کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا۔
قبل ازیں، پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے کہا تھا کہ ”ہم پُرامن جماعت ہیں، لیکن ہم تب تک احتجاج کریں گے جب تک چئیرمین پر حملے میں ملوث تینوں کردار استعفی نہیں دیتے۔“
اسد عمر نے کہا تھا کہ ملک کے تمام شہروں میں ہونے والے احتجاج کی جگہ کا اعلان مقامی تنظیمیں کریں گی۔