چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ مجھے راستے سے ہٹانے کا واحد طریقہ مجھےختم کرنا ہے لہٰذا خطرہ موجود ہے۔
فرانسیسی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ میری جان کو اب بھی خطرہ ہے، وہ لوگ دوبارہ مجھے ختم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور بدقسمتی سے مجھے لگتا ہے کہ وہ دوبارہ کوشش کر سکتے ہیں، وہ مجھے ختم کرنا چاہتے تھے کیونکہ میری پارٹی پاکستان کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے اور مجھے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے راستے سے ہٹانے کا واحد طریقہ مجھےختم کرنا ہے لہٰذا خطرہ موجود ہے جب کہ اس سازش کا تو میں نے حملے سے 6 ہفتے قبل ہی ایک جلسے میں بتا دیا تھا، میں نے بتا دیا تھا کہ ایک مذہبی جنونی کے ہاتھوں قتل کروانے کا منصوبہ بنایاگیا ہے، آزادانہ تحقیقات ہوں گی تو ثابت ہو جائے گا کہ اس تمام کی منصوبہ بندی کی گئی۔
عمران خا کا کہنا تھا کہ ہم پر دو حملہ آوروں نے حملہ کیا، چیف جسٹس سےبھی درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں کیونکہ آزادانہ تحقیقات میں ثابت ہو جائے گا کہ اس کا فائدہ موجودہ حکومت کو ہوتا۔