وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جو پی ڈی ایم ہماری حکومت گرانے کے دعوے کر رہی تھی اب وہی حکومت بچانے کے لیے متحرک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، پرویز خٹک صاحب اور چوہدری مونس الٰہی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے مشترکہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الہی نے عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چئیرمن عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات کی اندرونی کہانی بول نیوز سامنے لے آیا ہے جس کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر اپنی تجاویز عمران خان کے سامنے رکھ دیں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ آپ کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر پی ڈی ایم جماعتوں میں اضطراب پایا جا رہا ہے اور آپ کے اسمبلیاں چھوڑنے سےمتلعق اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل آئینی آپشنز اور پی ڈی ایم کی متوقع حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس حوالے سے پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ ارکان کی اکثریت موجود نہیں ہے، ی ڈی ایم صرف شور شرابہ کر رہی ہے ان کو ایوان میں شکست دیں گے۔