چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے امپورٹڈ حکومت مجھےکبھی گرفتار نہیں کر سکتی۔
لاہور میں چیئرمین کی زمان پارک والی رہائشگاہ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج اور عمران خان کی ممکمنہ گرفتاری کے معاملے پر پارٹی سربراہ نے سینئر قیادت سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور اس حوالے سے عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے تحریک انصاف کے کارکن مختلف شفٹوں میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہراحتجاج کریں گے، پارٹی کی سینئر قیادت نے اس حوالے سے تمام ٹاؤن اور ضلعی صدور کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے عمران خان کا پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا امپورٹڈ حکومت مجھےکبھی گرفتار نہیں کر سکتی، ان کے اپنے کیسز عدالتوں میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہر اول دستے کے کارکن ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر دی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان نے لکھا کہ فواد چوہدری کی چیف الیکشن کمشنر کی ایما پر اس طرح سے گرفتاری سے کوئی شک باقی نہیں رہتا کہ پاکستان بنانا ری پبلک بن چکا ہے جہاں آئین اور قانون کی کوئی حکمرانی نہیں ہے۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ ہمیں اپنے بنیادی حقوق کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا تاکہ پاکستان کو اس پوزیشن سے بچایا جا سکے جہاں سے واپسی ممکن نہیں۔