وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ ملک دیوالیہ ہوچکا اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔
سیالکوٹ میں نجی کالج میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل دہشتگردوں کو اپنی سر زمین پرلاکربسایا گیا، کس نے ایسے کھیل کھیلے کہ دہشتگردی ہمارا مقدر بن گئی، کل ساری رات سکیورٹی کے لوگ مقابلہ کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے آواز اٹھائی اسے جلا وطن کر دیا گیا اور جو باتیں پروگرامز میں کی جاتیں ہیں ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو ہمارے ملک کے حالات ہیں ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، آپ نے سنا ہوگا ڈیفالٹ ہورہا ہے یا دیوالیہ ہورہا ہے، وہ ہوچکا ہے، تمام مسائل کا حل ملک میں ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میں نے زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارا اور گزشتہ 32سالوں میں سیاست کو رسوا ہوتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صحن میں دہشتگردی ہم خود لے کر آئے ہیں، دو سال پہلے انہیں دوبارہ پاکستان کی سرزمین پر لاکر بسایا گیا کہ یہ امن پسند لوگ ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق زندگی گزریں گے۔