الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق صدر عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن ممبران اور اعلیٰ حکام ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایوان صدر میں اجلاس پیر دن گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدرکو لکھےگئے جوابی خط میں الیکشن کمیشن نے صدر کی جانب سے لکھے گئے خط کے الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون پر عمل کرتا ہے، الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے، صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے میں بےحسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں،صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی۔
خط میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔
خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے خط کا جواب نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو دوسرا خط لکھا تھا۔
صدر مملکت کی جانب سے الیکشن کمیشن کی بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں انتظار کر رہا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرےگا۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کے لیے ہنگامی ملاقات کے لیے مدعو کرتا ہوں۔