الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے معاملے پر صدارتی آفس کے مشاورتی عمل کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن دو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے معاملے پر ابھی صدارتی آفس کے مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بن سکتا لہٰذا الیکشن کمیشن حکام ایوان صدر کے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ انتخابات کا معاملہ مختلف عدالتی فورمز پر زیرالتوا ہے اور ادارہ 19 فروری کو صدرپاکستان کو جواب دے چکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کا اب بھی وہی 19 فروری والا مؤقف ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ہنگامی مشاورت کے لیے ایوان صدر بلایا تھا جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا۔
الیکشن کمیشن نے صدر کو دیے گئے جوابی خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے آگاہ ہے، گورنر خیبرپختونخوا اورپنجاب نے ابھی تک عام انتخابات کی تاریخ نہیں دی،گورنرپنجاب نےکہا کہ وہ معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق قانونی راستہ اختیار کریں گے۔