عمران خان کے وکیل نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط نہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کے معاملے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے لیے سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراف کیا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست ان کے دستخط سے فائل نہیں ہوئی تھی، اس پر عدالت نے کہا کہ اگر عمران خان نے یہ درخواست دائر نہیں کی تو واپس کیسے لے سکتےہیں؟
عدالت نے کہا کہ یہ نہیں ہوتاکہ سماعت تھوڑی تھوڑی دیربعد ملتوی ہوتی رہے، اس پر عمران خان کے وکیل خواجہ طارق نے کہا کہ آپ درخواست خارج کردیں، اس پر عدالت نے کہا کہ لیکن سماعت پھر بھی چلے گی، آپ کا رویہ معذرت خواہانہ ہونا چاہیے تھا، میں آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گاجواب تیار کرتے رہیں۔