نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی آپریشنل اور انٹیلیجنس استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا جہاں انہیں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سٹاف سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر محسن نقوی نے عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے، سی ٹی ڈی فورس دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمارا ہراول دستہ ہے، انسداد دہشت گردی فورس نے صوبے میں قیام امن کیلئے شاندار کارہائے نمایاں سرانجام دیئے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے سی ٹی ڈی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں سی ٹی ڈی کے افسروں اور جوانوں کے جذبے اور بہادری کو سراہتے ہیں، قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی کے دلیر افسروں نے اپنی جانیں بھی قربان کی ہیں ، قوم کو پاک دھرتی کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔
محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کے لان میں موسم بہار کی شجرکاری کا پودا بھی لگایا، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سپیشل سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔