وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات کا بل قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ آناًفاناً منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش بچھا دی گئی، کامیاب حکومت کی معاشی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوازشریف کے دورمیں آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کیا،نوازشریف دورمیں مہنگائی صرف 2فیصد تھی۔
نوازشریف کے دورمیں زرمبادلہ کے ذخائر24ارب ڈالرسے بھی زیادہ تھے،ن لیگ کے دورمیں ملک خوشحالی کی طرف گامزن تھا،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو گزشتہ سال آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
اسحاق ڈارکامزید کہنا تھاکہ 2017میں منتخب وزیراعظم کو ہٹا کرکامیاب حکومت کی معاشی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا گیا،2018میں ایک سلیکٹڈ حکومت اقتدارمیں آئی،2022میں سلیکٹڈ حکومت کو نکالا گیا تو ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی،اتحادی حکومت نے مشکل حالات میں ریاست کو ترجیح دی اور بڑے فیصلے کیے۔
انہوں نے موجودہ معاشی بحران کی وجہ گزشتہ پی ٹی آئی حکومت کو قرار دیا اور کہاکہ 4سال میں پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، پی ٹی آئی پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے، میرے دورہ منسوخی کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں،حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ملک میں بڑی سازش کے تحت آئینی بحران پیدا کیا گیا،اب تک تمام تربیرونی ادائیگیاں بروقت ہورہی ہیں،بعد ازاں الیکشن اخراجات بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا اور اجلاس جمعرات دن 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اخراجات سے متعلق بل کی منظوری دیتے ہوئے پارلیمنٹ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کابینہ کو سمری سے متعلق بریف کیا، کابینہ نے پنجاب انتخابات کے فنڈز کامعاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔