پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی یس پی آر) نے کہا ہے کہ دشمن جو 75 سال میں نہ کرسکا وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے گروہ نے کر دکھایا جبکہ جو سہولت کار ،منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، چیئرمین PTI کو نیب کے علامیہ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، اس گرفتاری کے فوری بعد ایک منظم طریقے سےآرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک طرف تو یہ شر پسند عناصر عوامی جزبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئے بھرپور طور پر ابھارتے رہے اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے۔