کراچی میں سمندری طوفان ‘بپر جوائے’ کے خطرے کے پیشِ نظر کے الیکٹرک کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئیں، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا کی طرف سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں شہری حفاظتی تدابیر کو اختیار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
طوفان آج 11 بجے کیٹی بندر سے ٹکرائیگا، ملک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آئیگا، شیری رحمان
عمران رانا کا کہنا تھا کہ سائیکلون کے اثرات کے تحت آج کراچی میں ہلکے اور درمیانے درجے کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس صورتحال میں کے الیکٹرک کا بجلی فراہمی کا نظام بھی مستحکم رہا ہے۔ ترجمان کےالیکٹرک متوقع ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بدستور ہائی الرٹ پر ہے۔
کے الیکٹرک نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بتایا کہ شہری طوفان کی تیاری کیلئے فونز اور آلات چارج رکھیں۔ اپنی گاڑیوں اور جنریٹرز میں فیول بھر کر رکھیں، دواؤں، پینے کا پانی اور خشک اشیاء کا انتظام رکھیں۔ بجلی کے آلات کو زمین سے اوپر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔