صدر عارف علوی نے اپنی تنخواہ میں دو اضافے مانگ لئے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق عارف علوی نے پہلے اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2021ء جبکہ دوسرے اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے مانگا۔
اس وقت صدر کی ماہانہ تنخواہ 8؍ لاکھ 46؍ ہزار 550؍ روپے ہے ، دو مراحل میں اضافے کے بعد جولائی 2021ء سے ان کی تنخواہ 10؍ لاکھ 24؍ ہزار 325؍ روپے جبکہ جولائی 2023ء سے 12؍ لاکھ 29؍ ہزار 190؍ روپے ہو جائے گی۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے سیکریٹری کو تبدیل کرنے کی سفارش کر دی
رواں ماہ کے شروع میں اپنے ملٹری سیکرٹری کے ذریعے کابینہ سیکرٹری کو خط میں صدارتی سیکرٹریٹ نے صدر کی تنخواہ، الائونس اور مراعات کے ترمیمی ایکٹ 2018ء کے چوتھے شیڈول میں ترمیم کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ یکم جولائی 2021ء سے صدر مملکت کی تنخواہ 10؍ لاکھ 24؍ ہزار 325؍ روپے جبکہ یکم جولائی 2023ء سے 12؍ لاکھ 29؍ ہزار 190؍ روپے ہو جائے۔
پبلک آفس ہولڈر کی حیثیت سے چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ میں دو سال کے دوران دو مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ چیف جسٹس کی تنخواہ یکم جولائی 2021ء سے 10؍ لاکھ 24؍ ہزار 324؍ روپے جبکہ یکم جولائی 2023ء سے 12؍ لاکھ 29؍ ہزار 189؍ روپےمقرر ہوئی۔ اس طرح، صدر کی تنخواہ طے شدہ اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑھائی نہیں گئی۔
صدر عارف علوی نے زچگی اور پدریت کی چھٹی کے بل 2023ء پر دستخط کر دیئے
وزارت قانون کے مطابق صدر کی تنخواہ میں نظرثانی کی خاطر فورتھ شیڈول میں ترمیم کیلئے ترمیمی ایکٹ لانے کی ضرورت نہیں۔ یہ معاملہ فنانس ڈویژن کو بھی بھیجا گیا تھا جس نے 22؍ اگست کو تنخواہ میں مجوزہ اضافے کی حمایت کی۔
وزارت قانون کا کہنا ہے کہ اب معاملہ منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ اس طرح صدر مملکت کو نہ صرف تنخواہ میں مطلوبہ اضافہ ملے گا بلکہ انہیں بقایہ جات بھی ملیں گے کیونکہ ان کی تنخواہ میں دو سطح پر اضافہ کیا گیا ہے ۔