عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ماہانہ 143 ملین لیٹر پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکنے کا مطالبہ کردیا، وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے رپورٹ طلب کرلی۔
دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف نے ماہانہ ایک لاکھ 20 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے اس حوالے سے اقدامات پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے رپورٹ طلب کی ہے۔
مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند
دستاویز میں آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ بارڈر پر کسٹم، ایجنسی اہلکار، فورسز کی تعداد اور استعداد کار بڑھائے جائیں۔ ساتھ ہی آئی ایم ایف نے ایف بی آر اور وزارت خزانہ کو ریونیو بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے کسٹم اور لیوی کی مد میں 10 ارب سے زائد کا نقصان ہورہا ہے۔ آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ بڑھنے سے درآمدی بل میں کمی سے ریونیو شارٹ فال ہوگا۔