انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رؤف حسن کو بارودی مواد کیس میں ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سپرد کر دیا۔
بارودی مواد کیس میں رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس پر سماعت اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
پراسیکیوٹر راجا نوید نے رؤف حسن کے خلاف مقدمے کا متن پڑھا اور رؤف حسن کے مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا چھاپے مارے گئے لیکن بدقسمتی سے مزید ملزمان تک رسائی فی الحال حاصل نہیں ہو سکی، ساتھی ملزمان کے نام معلوم کرنے ہیں، رؤف حسن کی کسٹڈی درکار ہے تاکہ ملزمان تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
وکیل صفائی علی بخاری نے اپنے دلائل میں کہا کہ رؤف حسن سے بارود کی برآمدگی نہیں ہوئی، سی ٹی ڈی نے ریڈ کیا، دو روز سے رؤف حسن کو کسٹڈی میں رکھا، پراسیکیوٹر سے پوچھیں رؤف حسن کا مقدمے میں کردار کیا ہے؟ رؤف حسن کو پیکا ایکٹ عدالت نے جیل بھیجا تو سی ٹی ڈی گرفتار کرنے پہنچی ہوئی تھی۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا رؤف حسن پر صرف ایما کی حد تک الزام ہے، برآمد تو کچھ نہیں ہوا، مدعی مقدمہ کا رؤف حسن کے خلاف بیان ہے تو سامنے لائیں، کئی ملزمان کو بیان کی روشنی میں 9 مئی مقدمات میں نامزد کر دیا گیا، حیران ہوں روف حسن کا ریمانڈ چاہیےکیوں؟سمجھ نہیں آرہی مجھے، اگر ریمانڈ نہیں بنتا تو کیس سے ڈسچارج کرنا چاہیے، ریمانڈ ہی دینا ضروری نہیں۔
علی بخاری کا کہنا تھا رؤف حسن کا تو اس مقدمے میں کوئی کردار ہی نہیں ہے، اگر عدالت کو لگےکہ پولیس نےکیس میں غلط گرفتار کیا تو مچلکوں پر بھی ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔
وکیل علی بخاری کا کہنا تھا رؤف حسن 10منٹ گراؤنڈ فلور پر کھڑے رہے، سیڑھیاں چڑھنے کے بھی قابل نہیں، دو دن دوا نہ کھائیں تو رؤف حسن ویسے ہی مرجائیں گے، جیل ڈاکٹر نے رؤف حسن کا معائنہ کرنے سے معذرت کرلی، پمز اسپتال لے جانا پڑا، استدعا ہے کہ رؤف حسن کو کیس سے ڈسچارج کیا جائے۔
پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت میں کہا کہ رؤف حسن پر حملے کی سی سی ٹی وی بھی ہے، کہتے ہیں حملہ آوروں نے میک اپ کیا ہوا تھا، پہچانے نہیں جا رہے تھے، رؤف حسن کو ڈیجیٹل دہشتگرد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم سب بھی ڈیجیٹل دہشتگرد کھڑے ہیں۔
علی بخاری کا کہنا تھا پراسیکیوٹر کا شکریہ کہ انہوں نے مانا رؤف حسن دہشتگرد نہیں ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا ملزم نے دہشتگردی کے لیے فنانسنگ تو کی ہے نا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے رؤف حسن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا اور ملزم کو کل دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔