لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے پہلے آئی ایس آئی چیف ہونگے

آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان کی وہ پہلی شخصیت ہیں جو اس عہدے پر آنے والے پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی (این ڈی یو) سے پاک امریکا تعلقات پر مبنی موضوع پر پی ایچ ڈی کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سے متعلق ان کی نمایاں سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک پاکستان کے پہلے پی ایچ ڈی تعلیم ڈگری ہولڈر ہیں جو ڈی جی آئی ایس آئی کے منصب پر فائز ہوئے ہیں جب کہ وہ 30 ستمبر کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے بلوچستان میں انفنٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کمانڈ کرچکے ہیں، اس کے علاوہ وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اس سے پہلے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی فرائض سرانجام دےچکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں جب کہ وہ اپنے کورس میں اعزازی شمشیر بھی حاصل کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد غلام محمد بھی لیفٹیننٹ جنرل تعینات رہے اور انہوں نے کورکمانڈر راولپنڈی کے فرائض بھی انجام دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں