سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظر ثانی کیس کی سماعت کے د وران چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ اب سپریم کورٹ میں کچھ بھی بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہوتا۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں پر سماعت کی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل لارجر بینچ میں شامل تھے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیلوں پر سماعت کے آغاز پر پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے سپریم کورٹ کے نئے بینچ کی تشکیل پر اعتراض عائد کردیا،اس موقع پر چیف جسٹس نے علی ظفر کو بینچ پر اعتراض کرنے سے روک دیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے علی ظفر کو بیٹھنے کی ہدایت کی۔