صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی بڑھتے ہی لیسکو کی طلب 4600 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن اسے نیشنل گرڈ سٹیشن سے صرف 4400 میگاواٹ بجلی فرائم کی جارہی ہے۔
لیسکو شارٹ فال کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا ٹرانسمیشن سسٹم اوورلوڈ ہونے سے ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سسٹم اوورلوڈنگ کی وجہ سے شمالی لاہور اور اندرون لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ سسٹم اوورلوڈ ہونے کی وجہ سے لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشنز پر ٹرپنگ ہونے لگی ہے۔
راوی سرکٹ سے نکلنے والے لیسکو کے گرڈ سٹیشنز پر گزشتہ روز سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ موچی گیٹ، بادامی باغ، چاہ میراں اور بھاٹی گرڈ سٹیشن پر بھی ٹرپنگ جاری ہے۔
متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔ ٹرپنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے