پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے باعث 109 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
کنگسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے کھیل شروع کیا تو اسکور ایک وکٹ پر 49 رنز تھا۔
شاہین کی 6 وکٹیں، پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز 150 رنز پر ڈھیر
شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو پہلی وکٹ دلاتے ہوئے الزاری جوزف کو 17 رنز کی انفرادی اننگز پر آؤٹ کردیا، جس کے بعد حسن علی نے بونر کو 2 رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا۔
ویسٹ انڈیز کا اسکور جب 73 رنز پر پہنچا تھا تو حسن علی نے نئے آنے والے بلے باز روسٹن چیز کی وکٹیں اڑا دیں اور انہیں کھاتہ کھولنے کی بھی اجازت نہیں دی۔
جرمین بلیک ووڈ نے کپتان کریگ بریتھویٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔
نعمان علی نے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی اور 25 رنز پر کھیلنے والے بلیک ووڈ کو محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان بریتھویٹ 39 رنز بنا کر نعمان علی کی وکٹ بن گئے تو میزبان ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔
کائل مائرز اور جیسن ہولڈرز نے 46 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 159 رنز تک پہنچایا، مگر شاہین آفریدی نے مائرز کی وکٹ حاصل کرلی۔
کائل مائرز 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بارش کے باعث کچھ دیر کے تعطل کے بعد میچ شروع ہوا تو جیسن ہولڈر اور جوشوا ڈی سلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
تاہم نعمان علی نے 199 کے مجموعے پر جیسن ہولڈر کو ان کی نصف سنچری سے محض 3 رنز قبل پویلین کی راہ دکھادی جس سے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
اس کے بعد اس کے آخری دو کھلاڑی بھی پاکستانی باؤلروں کے آگے زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور پوری ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں انہوں نے میچ میں اپنی 10 وکٹیں مکمل کیں جبکہ نعمان علی نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان نے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائےتھے، جس کے جواب میں شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان نے دوسری اننگز 6 وکٹوں پر 176 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا تھا۔
Load/Hide Comments