آتش گیر غباروں، سرحدی جھڑپوں کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ کے شہریوں کی سرحد پر فورسز کے ساتھ جھڑپ اور جنوبی اسرائیل میں آتش گیر غبارے پھینکے جانے کے بعد ایئرفورس نے غزہ میں 2 مقامات پر حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ جھڑپوں میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا کہ جب اسرائیل اور مصر غزہ کی پٹی پر تجارتی اور سفری پابندیوں میں نرمی کررہے ہیں، سال2007 میں اسلامی تحریک حماس کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے دونوں ممالک کی جانب سے بڑی حد تک اس پٹی کا رابطہ منقطع کردیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘لڑاکا طیاروں نے حماس کے فوجی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جو ہتھیار بنانے اور تربیت کے لیے استعمال ہونے کے ساتھ ساتھ جبالیا سے منسلک ایک دہشت گرد سرنگ کا داخلی مقام تھا’۔
انہوں نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ حملے حماس کی جانب سے اسرائیل کی سرزمین پر آتش گیر غبارے پھینکنے اور گزشتہ روز ہونے والے پُر تشدد فسادات کے جواب میں کیے گئے۔

جھڑپوں’ کو روکنے کیلئے اسرائیل اور حماس جنگ بندی پر متفق

اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اسرائیلی فائر فائٹرز کا کہنا تھا کہ ہفتے کی شام کو فلسطین کے محصور علاقے کے قریب اشکول ریجن میں دو جگہ آگ بھڑک اٹھی تھی۔
ایک رپورٹر نے بتایا کہ دن کے اختتام پر احتجاج شرو ع ہوا، فلسطینیوں نے غزہ اور اسرائیل کی سرحد کے درمیان ٹائر جلائے جبکہ اسرائیلی فوج نے آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ فائر کیے۔
وزارت صحت غزہ کا کہنا تھا کہ جھڑپوں میں11 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں تین آگ کے باعث زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں