لاہور: مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، انہوں نے اپنی تمام زندگی کشمیر کی آزادی اور ان کے حقوق کے لیے صرف کی۔ انہوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے نظر بندی اور تشدد کا بھی سامنا کیا، اور ہمیشہ پر عزم رہے۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ بطورِ پاکستان ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے سیّد علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کر دیا اور جھنڈا سر نگوں رہے گا۔
دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنماء سے محروم ہو گیا، سید علی گیلانی عمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے، سید علی گیلانی ایک باہمت، نڈر اور مخلص رہنماء تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پرلکھا کہ سیّد علی گیلانی کے انتقال پر پاکستان افسوس کا اظہار کرتا ہے، وہ تشدد کے باوجود کشمیر کی آزادی کی تحریک میں صدا بلند کرتے رہے۔ وہ قابض انتظامیہ کی طرف سے گھر پر نظر بند ہونے کے باوجود کشمیر کے حقوق کے لیے لڑتے رہے۔ اللہ پاک ان کی روح کو سکون عطا فرمائے اور آزادی کے خواب کو حقیقت بنائے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے رنج او غم کااظہار کرتا ہوں، لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدری؛ کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔ کاش مقبوضہ وادی جا سکوں اور گیلانی صاحب کی تدفین میں شامل ہوسکوں۔ پوری کشمیری قوم کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے۔ سید علی گیلانی کی زندگی جہدِ مسلسل کا ایک استعارہ تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادر کشمیری رہنما تھے، ان کی آزادی کشمیر کے لیے بے پناہ قربانیاں ہیں، تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زندگی کی آخری سانس تک تحریک آزادی کے لیے آواز بند کرتے رہے۔ یہ خلاء کوئی بھی پر نہیں کر سکے گا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹویٹر پر لکھا کہ سیّد علی گیلانی گزشتہ اور اس صدی کےعظیم مجاہدآزادی، سب سےبڑے پاکستانی اور دنیا بھر کےحریت پسندوں کےلیےامید و حوصلےکا مرکز تھے۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان آج اپنے سب سے وفادار بیٹے سے محروم ہوا ہے۔ بھارتی سامراج کے سامنے ان کی جدوجہد تاریخ میں ایک ضرب المثل کے طور پر ہمیشہ موجود رہے گی۔
مقبوضہ کشمیرکی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ علی گیلانی کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ ان کے خاندان والوں کو صبر و جیمل عطا فرمائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر عبد القیوم خان نیازی اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان نے بھی سینئر حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔