کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات: پی ٹی آئی نے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا

ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے آزادانہ و شفاف انعقاد کے لئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

چیف آرگنائزر تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر سے ذیلی تنظیمیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کی جزئیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ ماضی کے تجربے سے ثابت ہے کہ فوج کو سکیورٹی پر مامور کئے بغیر کروائے جانے والے انتخابات شکوک و شبہات کی زد میں رہتے ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی عدم موجودگی سے دھاندلی کے راستے کھلے ہیں۔ مقامی سیاسی کھلاڑی جعلی ووٹوں سے لیکر نتائج میں خرد برد تک انتخابات میں دھاندلی کا سہارا لے سکتے ہیں۔ ہماری سوچی سمجھی رائے یہی ہے کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے فوج سے معاونت حاصل کی جائے۔ امن و امان کا ماحول قائم رکھنے کیلئے فوج کے جوانوں کو پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے۔ موجودہ حالات میں جمہوریت کو دھاندلی اور تشدد سے پاک رکھنا اور بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں