جنگ ستمبر کے شہدا اورغازیوں کو سلام، لاہور سمیت ملک بھر میں یوم دفاع آج منایا جا رہا ہے

ارض پاک کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دینے کا عزم، دشمن کے ناپاک ارادوں کو ملیا میٹ کرنے کا عہد، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ، جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو سلام، ملک بھر میں یوم دفاع آج منایا جا رہا ہے۔

یوم دفاع وشہدا کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عزم کا اظہارکرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

اس سال یوم دفاع وشہدا کا موضوع ’’ہمارے شہدا، ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں کے تمام عزیز واقارب کو سلام ہے۔

مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی اور غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی بھارت کے جابرانہ چنگل سے آزادی کی دعائیں کی جائیںگی۔

شہدا کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا۔

مادر وطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملی نغموں اور شہیدوں اور غازیوں کے اہل خانہ کے انٹرویوز پر مبنی خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔

پاک فضائیہ نے یوم دفاع اور شہداء کے سلسلے میں ایک نیا نغمہ جاری کیا ہے۔ پاک فضائیہ کے تعلقاتِ عامہ کے محکمے کے مطابق یہ نغمہ مشہور پاکستانی گلوکار علی ظفر نے گایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں