مہنگائی کے ستائے عوام کو بجلی کا بھی جھٹکا، نیپرا نے ایک روپیہ 37 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق عوام کو جولائی کی استعمال شدہ بجلی کے ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ مزید ادا کرنے ہوں گے۔ نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کی اجازت دے دی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ جولائی میں فرنس آئل پر پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت کے باعث فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی ایک روپے 47 پیسے فی یونٹ وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس پٹیشن پر نیپرا نے یکم ستمبر کو سماعت کی تھی جس کے بعد جمعہ کو یہ فیصلہ دیا گیا کہ جولائی میں استعمال ہونے والی بجلی پر صارفین سے ایک روپے 37 پیسے اضافی وصول کئے جائیں۔ تاہم 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین اس سے مستشنی ہوں گے۔ جولائی کی استعمال شدہ بجلی کے بقایا جات ستمبر کے بلز میں وصول کئے جائیں گے۔