لاہور: ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات جاری ہیں، پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ میں 219 وارڈز بنائے گئے ہیں، اب صرف 206 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ 6 نشستوں پر الیکشن ملتوی کردئیے گئے۔ کامرہ کی 5 میں سے 4 وارڈز میں حلقہ بندی کے تنازع پر تمام امیدوار بیٹھ گئے۔ 7 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ 5 آزاد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
گلیات کالاباغ کنٹونمنٹ میں پی ٹی آئی اور ن لیگ میں مفاہمت ہو گئی، دونوں جماعتوں کا ایک ایک امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگیا
کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں ایک ہزار 550 امیدوار مدمقابل ہیں، سب سے 180 امیدوار پی ٹی آئی نے اتارے ، مسلم لیگ ن کا 143 امیدواروں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ پیپلز پارٹی 112 امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
جماعت اسلامی 104، کالعدم تحریک لبیک پاکستان 86، اللہ اکبر تحریک کے 74 امیدوار ہیں، ایم کیو ایم 42، پی ایس پی 35 اور ق لیگ کے 34، 659 آزاد امیدواروں بھی الیکشن میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
کراچی میں سب سے زیادہ 6 کنٹونمنٹ ہیں، 42 وارڈز ہیں، کوئی بھی جماعت تمام سیٹوں پر امیدوار نہ اتار سکی ، تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 41 امیدوار میدان میں اتارے ، پیپلز پارٹی 40، جماعت اسلامی 38، ایم کیو ایم کے 32 امیدوار ہیں۔ پی ایس پی 27، ن لیگ کے 22 امیدوار، 108 آزاد امیدوار بھی مدمقابل ہیں۔
لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ میں 10، 10 وارڈز ہیں، 20 نشستوں پر 268 امیدوار مدمقابل ہوئے ہیں، لاہور کنٹونمنٹ میں 110، والٹن میں 158 امیدوار ہیں، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی کے 20،20 امیدوار ہیں، اللہ اکبر تحریک کے 20 وارڈز میں 19 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے 15 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے 13 امیدواروں کی قسمت آزمائی کررہے ہیں، جماعت اسلامی کے 20 وارڈ میں 10 امیدوار، 20 سیٹوں پر 144 آزاد امیدوار بھی میدان میں قسمت آزما رہے ہیں۔
دوسری طرف اہم سیاسی شخصیات کے رشتہ دار بھی الیکشن میں اتر آئے ہیں، ایم پی اے یاسین سوہل کے بیٹے عشارب سوہل والٹن وارڈ 8 سے ن لیگ کے امیدوار ہیں۔ ایم پی اے تیمور مسعود کے بھائی فہد مسعود واہ کی وارڈ 8 سےپی ٹی آئی کے امیدوارہیں۔ سابق سینیٹر چودھری تنویر کے بھائی چنگیز خان چکلالہ کی وارڈ 4 سے لیگی امیدوار ہیں۔
چودھری تنویر کے بھتیجے چودھری شہزاد احمد چکلالہ کی وارڈ 5 سے آزاد امیدوارہیں، سابق ایم این اے ملک ابرار کے بہنوئی ملک منیر راولپنڈی کی وارڈ 10 سے لیگی امیدوار ہیں۔
سانحہ اے پی ایس میں شہید طالبعلم شہیر کے والد طاہر خان بھی امیدوار ہیں، طاہر خان پشاور کی وارڈ 4 سے اللہ اکبر تحریک کے امیدوار ہیں، سابق ہاکی کھلاڑی اور موجودہ امپائر شفاعت بغدادی بھی میدان میں ہیں۔ شفاعت بغدادی چک لالہ کی وارڈ 9 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔
اُدھر ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ سٹیشن پر پولیس تعینات ہے جبکہ پولنگ سٹیشنوں کی حدود کے باہر رینجرز، ایف سی بھی موجود ہے۔
پولنگ کے اختتام پر پریذائیڈنگ افسران گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ سٹیشن پر کریں گے جبکہ ریٹرنگ آفیسر صاحبان ہر وارڈ کے نتائج کی تکمیل کے بعد فوری طور پر غیر حتمی نتائج کا اعلان کریں گے ۔
تمام پولنگ ایجنٹوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نتیجہ کی کاپی پریذائیڈنگ آفیسر سے حاصل کریں ۔ تمام الیکشن ایجنٹ یاامیدوار غیر حتمی نتیجہ کی کاپی بھی متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کریں۔