وزیراعظم، پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد فنڈز اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار

وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 9 خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) میں زمین خریدنے والے سرمایہ کار پریشان ہو رہے ہیں کیونکہ وہ بجلی اور گیس کی فراہمی کی عدم موجودگی میں صنعتی ترقی کے اپنے منصوبوں پرعمل درآمد کرنے سے قاصر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ایس ای زیز کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں مختص فنڈز جاری کرنے کی ضمانت دی۔وزیر اعظم پنجاب کے دورے کے دوران صوبے میں 9 ایس زیز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

لاہور: وزیراعظم نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اجلاسوں کی صدارت کی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی۔
چین، ترکی، کوریا، ہالینڈ اور جاپان کے سرمایہ کاروں نے صنعتیں لگانے کے لیے زمین خریدی ہے جنہیں فوری طور پر بجلی اور گیس کی ضرورت ہے۔
جب سے وفاقی حکومت نے اپنے پی ایس ڈی پی میں سہولیات کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں پنجاب حکومت مطالبہ کررہی ہے کہ فنڈز جلد از جلد جاری کیے جائیں تاکہ صوبہ گرڈ اسٹیشنز کے قیام اور بجلی کی لائنیں اور گیس پائپ بچھانے کا کام شروع کر سکے۔
وزیر اعظم خان نے حکومتِ پنجاب کو شیخوپورہ اور فیصل آباد میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر زیادہ توجہ دینے اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے انتظامی معاملات کو حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت

کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا منصوبہ پیش کیا جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بارش کے پانی کا ذخیرہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، صفائی، صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی مرمت شامل ہے۔
وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں مشیرانِ خصوصی اور صوبائی وزرا نے شرکت کی، جس میں کمشنر لاہور نے بتایا کہ حکومت عوام کو طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں