انگلینڈ نے کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے پاکستان کو پانچ ماہ بعد ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔
برطانوی ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹ شیپس نے کہا کہ 22ستمبر کو شام چار بجے سے پاکستان، ترکی اور مالدیپ سمیت 8 ممالک اور خطوں کو ریڈ لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو سہولت کی فراہمی کے لیے سفر کرنے والوں کے لیے ٹیسٹنگ کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے تو چار اکتوبر سے آپ کو انگلینڈ آتے ہوئے روانگی سے قبل کووڈ-19 کا ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم اس کا اطلاق ان مسافروں پر ہو گا جو ان ممالک سے سفر کررہے ہوں گے جو ریڈ لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ چار اکتوبر سے برطانیہ اپنے ٹریفک لائٹ سسٹم کو ختم کررہا ہے جس کے تحت کم خطرات کے حامل ممالک کو گرین درجہ دیا جائے جس کی بدولت قرنطینہ کے بغیر سفر کی سہولت حاصل کر سکیں گے، درمیانے درجے کے کطرے کے حامل ممالک مسافروں کو ایمبر اور سنگین خطرات کے حامل مسافروں کو ریڈ درجہ دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 4 اکتوبر سے بین الاقوامی سفر کے لیے ایک آسانہ نظام وضع کیا جائے گا اور اس نئے مجوزہ نظام کے تحت ایک ریڈ لسٹ ہو گی جبکہ بقیہ ممالک کے لیے آسان قوانین تیار کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اس پابندی کی خبر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر نے بھی ٹوئٹر پر شیئر کی۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ ان لوگوں کے لیے کس قدر مشکل تھے جو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اپنے قریبی روابط اور ذرائع پر انحصار کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ قریبی روابط برقرار رکھنے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وفاقی وزیر اسد عمر اور پاکستان کی وزارت صحت کے بہت مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا شیئرنگ اور دونوں ممالک کے عوام کے تحفظ کے لیے برطانیہ، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور جب تک سب محفوظ نہ ہوں، اس وقت کوئی محفوظ نہیں۔انگلینڈ نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں رواں سال 9 اپریل سے پاکستان سمیت 4 ممالک کو پابندیوں سے متعلق ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا تھا۔
اس کے بعد ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیش نظر 19اپریل کو بھارت کو بھی ریڈ لسٹ میں شمال کر لیا گیا تھا