نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کو سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود نیوزی لینڈ نے یکطرفہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کردیا اور اس دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج صبح نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی حکام نے ہمارے سیکیورٹی حکام کو دورے کی منسوخی کے حوالے سے آگاہ کیا حالاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، ان کی سیکیورٹی پر فوج، ایس ایس جی اور انفینٹری موجود تھی، 4ہزار پولیس اہلکار موجود تھے۔

سیکیورٹی خدشات’: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ بغیر تماشائیوں کے یہ میچ کھیلا جائے لیکن جب وہ اس پر بھی راضی نہ ہوئے تو ہمارے ملک کے ذمے داروں نے وزیر اعظم سے تاجکستان میں بات کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تاجکستان میں وزیر اعظم کو تمام وصورتحال سے آگاہ کیا گیا اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن سے بات کی اور انہیں کہا کہ ہمارے ملک میں امن و امان بہترین ہے، ہم گارنٹی دیتے ہیں کہ یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی بات پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات کا مسئلہ نہیں ہے لیکن ہمیں اس قسم کی اطلاع ہے کہ جب ٹیم باہر نکلے گی تو باہر اس پر کوئی حملہ ہو سکتا ہے لہٰذا انہوں نے یکطرفہ طور پر یہ دورہ منسوخ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی صوابدید پر ہے، ہمارے اداروں کے پاس کسی سیکیورٹی خطرات کی اطلاع نہیں ہے، نہ ہی ہمیں کوئی سیکیورٹی کی دھمکی موصول ہوئی

اپنا تبصرہ بھیجیں