آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کا پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔
اس ضمن میں کرکٹ آسڑیلیا کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے، نیوزی لینڈ بورڈ سے اطلاعات کا تبادلہ خیال کریں گے۔کرکٹ آسڑیلیا کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اس وقت کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مشکل ہے۔
اس ضمن میں آسٹریلین میڈیا نے بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے پر آسٹریلیا کا دورہ پاکستان خطرے میں ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان دورے کے حوالے سے مثبت تبادلہ خیال ہوا تھا، کرکٹ آسٹریلیا حالات کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد دورے کے حوالے سے فیصلہ کرےگا۔
آسٹریلین میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے سپورٹ کررہا ہے لیکن کھلاڑیوں کا تحفظ پہلے ہے، نیوزی لینڈ کے بعد اگر انگلینڈ نےبھی پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تو آسٹریلیا کے دورے کے امکانات بھی مدہم ہوجایں گے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روزپاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ون ڈے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچ شروع ہونے سے قبل اچانک سیریز ملتوی کرنے کے اعلان پر تنقید کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے، 1 میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کا 2022 میں چوبیس سال بعد پاکستان کا دورہ شیڈول ہے۔