کراچی: مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، ضلع وسطی سب سے زیاہ متاثر

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث ضلع وسطی کا برا حال ہے۔ جہاں پر ہر طرف پانی ہی پانی ہے، گٹرابل گئے، نالے اوور فلو ہو چکے ہیں۔ گاڑیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہو گئی۔ کراچی میں بادل برس پڑے۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش ہوتے ہی کراچی والوں کی مشکلات کا آغاز ہوگیا۔

سب سے زیادہ 70ملی میٹر بارش سرجانی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں ہوئی۔ جس کے بعد نیوکراچی ،ناگن چورنگی ،پاورہاوس چورنگی سمیت دیگر علاقے زیر آب آگئے۔ ناگن چورنگی سے شفیق موڑ اور سہراب گوٹھ کے درمیان نالے اوور فلو ہوگئے۔

چند گھنٹوں میں پانی اتنا جمع ہوا ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں گاڑیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔ سینکڑوں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں۔ گھروں اور کاموں سے نکلنے والے شہری سڑکوں پر رل گئے۔
پانی جمع ہونے سے شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا۔ شارع فیصل، راشدمنہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ ،غنی چورنگی سمیت دیگر مقامات پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

بارش کے باعث ملیر سٹی،سرجانی ٹاون، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بھی بند ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں