شہباز شریف اور اہلخانہ برطانوی عدالت سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزام سے بری

برطانوی عدالت نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں ثبوتوں میں کمی کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے خاندان کو بری اور منجمد اثاثے بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان شریف کے منجمد بینک اکاؤنٹس کی تحقیقاتی رپورٹ ویسٹ منسٹر کورٹ میں جمع کرا دی۔

لاہور ہائیکورٹ: شہباز شریف کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ، کرپشن اور مجرمانہ سرگرمی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

برطانوی ایجنسی نے حکومت پاکستان، نیب اورایسٹ ریکوری یونٹ کی درخواست پر تحقیقات شروع کی تھیں اور رپورٹ کے مطابق 21 ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات میں 20 سال کے مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیقات کے دوران شہباز شریف اور شریف خاندان کے برطانیہ اورمتحدہ عرب امارات میں اکاونٹس کی چھان بین بھی کی گئی۔

عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کو منی لانڈرنگ اورمجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات سے بری کردیا اور منجمد اکاؤنٹس اور اثاثے بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف ثبوت فراہم کیے تھے جس کے بعد نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں