12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے میں 12 سال اور زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو ویکسین لگوانے میں آسانی کے لیے اسکولوں میں ویکسینیشن کی خصوصی مہم چلائی جائے گی.
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 27 ستمبر کو کووڈ 19 کی 9 لاکھ 61 ہزار 340 ویکسین لگائیں، اب تک پاکستان نے 7 کروڑ 95 لاکھ 31 ہزار 641 خوراکیں دی ہیں۔

این سی او سی نے عوام کو فوری طور پر ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ‘یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا’۔
حکومت نے یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگانے کی منظوری دی تھی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تھا کہ 17 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کے لیے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسین لگوانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں