گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات، سعودی سفیر کا 600 پاکستانی طلباء کو 25 مختلف سعودی یونیورسٹیز میں سکالر شپ دینے کا اعلان۔
گورنر پنجاب نے سکالر شپ کے تاریخی اقدام پر سعودی حکومت اور سفیر نواف بن سعید المالکی کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاک سعودیہ تعلقات کو چٹان سے مضبوط قرار دیدیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں، خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی بھائی ہیں، پاک سعودیہ تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں، دونوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کوئی شک نہیں سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلتا ہے، پاکستان کی سعودی عرب کیساتھ دلی اور روحانی وابستگی ہے دونوں ایک دوسرے کیساتھ ہیں، چوہدری سرورنے مزید کہا سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے جواب میں کہا کہ پاکستان کو پہلے کبھی تنہا نہیں چھوڑا ہے اور نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے، ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اور اسکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، ترقی استحکام اورا من کیلئے سعودی عرب پاکستان کیساتھ کھڑا ہے.