موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ،لیسکوکے 180سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔
تیز بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا ۔لیسکو کے 180 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔بھٹہ چوک، ڈیفنس،صدر،مغلپورہ،شالامار،مزنگ ،اچھرہ،شیرا کوٹ ،کریم پارک،آؤٹ فال روڈ، چوبرچی،راوی روڈ،چائنہ سکیم ،مصطفیٰ آباد،اقبال ٹاؤن، سبزہ زار اور بیشترعلاقے بجلی سے محروم ہیں۔بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ لیسکو فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے فیلڈ ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔
لیسکو چیف نے ہدایات کی ہیں کہ لائن اسٹاف حفاظتی آلات کے بغیر ہرگز کام نہ کرئے۔صارفین سے درخواست ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔ بجلی کی تاروں،کھمبوں،ٹرانسفارمرکے نیچے کھڑے ہونے اور چھونے سے گریز کریں۔ اپنے بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم 10فٹ دور رہیں۔