(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمر شریف کے انتقال پر ملکی سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر راج کرنے والے فنکار عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ عارضۂ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔
عمر ر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ کی مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اداکار عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے: صدر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار و کامیڈین عمر شریف کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف منفرد حس مزاح کے مالک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے کامیڈی کی دنیا میں اپنا علیحدہ مقام بنایا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریقِ رحمت کرے، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے.
رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنزو مزاح کا آفتاب آج غروب ہو گیا: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، رونے والوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کرنے والا طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔
انہوں نے کہا مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار اور ان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم عمر شریف کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں سوگوار پرستاروں سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
عمر شریف کا نام فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں سنہرے حروف سے لکھا جائیگا: فواد
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ عمربھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنےفنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیااور ثابت کیا کہ ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔
سب کو ہنسانے والا آج سب کو رلا گیا: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا کہ سب کو ہنسانے والا آج سب کو رُلا گیا۔ عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ آمین
عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے: اسد عمر
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سب کے لبوں پر مسکراہٹ لانے کی خدا داد صلاحیت رکھنے والے عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے۔ اللہ جنت نصیب کرے۔
عمر شریف کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے: شہباز گل
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ عمر شریف صاحب کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔
انہوں نے عمر شریف کے لیے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
عمر شریف کی زندگی پر نظر ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے اور وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
عمر شریف کا انتقال، آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے: چودھری شجاعت ، پرویز الٰہی
چودھری برادران نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا ظاہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے۔
سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال پر دلی دکھ ہے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی، غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وہ فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے۔
وفاقی وزیر مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے، چودھری پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا، ان کا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا۔
عمر شریف کی رحلت برصغیر کے فنون لطیفہ کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ عمر شریف کی رحلت برصغیر کے فنون لطیفہ کے لئے ایک عظیم سانحہ ہے ۔ کئی دہائیوں تک مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیرنے والے لیجنڈ کی کمی شائد کبھی پوری نہ ہوسکے۔ اللہ عمر شریف کے پسماندگان اور چاہنے والوں کو صبر اور انہیں جنت فردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔
انتقال کی خبر نے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر دیا: وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لکھا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر نے لاکھوں مداحوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ وہ اپنی طرز کے بہترین فنکار تھے جن کی کمی تادیر محسوس کی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائیں اور تمام اہلِ خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائیں!!