عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ‘قومی اسمبلی سے استعفیٰ ارسال کردیا ہے، اللہ تعالی عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و ناصر ہو’۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کی وجہ بیان نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور اس کی وجہ کراچی میں بجلی بحران کے حل کے لیے کچھ نہ کرپانے کو قرار دیا تھا۔

وزیر اعظم نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ مسترد کردیا، عامر لیاقت حسین

تاہم چند روز بعد ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ان کا رکنیت سے استعفیٰ مسترد کردیا اور کراچی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اپنی متعدد ٹوئٹس میں عامر لیاقت حسین نے کہا تھا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان سے طویل ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے میرا 4 صفحات پر مشتمل استعفیٰ مسترد کردیا اور کہا کہ اس پر بات نہیں ہوگی۔’

عامر لیاقت نے کہا کہ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ‘آپ تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، کچھ چھوڑنے کی ضرورت نہیں، آپ کی ضرورت ہے اور ہم نے مل کر پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔’

عامر لیاقت تحریک انصاف سے خفا، مرکزی واٹس گروپ چھوڑ دیا

یاد رہے کہ عامر لیاقت نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز متحدہ قومی موومنٹ سے کیا تھا اور سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وہ 3 سال تک وزیر مذہبی امور بھی رہے تھے، تاہم مارچ 2018 میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
تاہم چند ماہ بعد ہی ان کی تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ تلخیاں بھی سامنے آگئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں