راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سے امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے ملاقات کی،اس ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان خطہ اور افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنےکے لیے پرعزم ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بامعنی اور کثیر الجہتی تعلقات کے لیے بات چیت جاری رہنی چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا کہ آرمی چیف اور امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے افغانستان کی انسانی بنیادوں پر امداد بھی زیر غور رہی۔
وینڈی شرمین نے افغان صورتحال پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے غیر ملکیوں کے انخلا میں تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے دورہ پاکستان میں کہا کہ ہمیں بہت اچھے سے اندازہ ہے کہ ہر ملک اسوقت امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو چاہتا ہے، مجھے یقین ہے کہ عمران خان کے ساتھ یہ گفتگو بہت جلد ہوگی۔
امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نےدورہ پاکستان میں شاہ محمود قریشی اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف سے ملاقات کی،ملاقات میں علاقائی امن اور افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کئے گئے۔