الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کی درخواست منظور کر تے ہوئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے پارٹی اکاؤنٹس کا جائزہ لینے کی اجازت دے دی۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے فنانشنل ماہرین اور چارٹرڈ اکاؤنٹٹینٹ دونوں سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کر سکیں گے اور آنے والے دنوں میں ہوشربا انکشافات ہوں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) اپنے اکاؤنٹس چھپانا چاہتی تھی۔
مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی بینک اکاؤنٹس چھپا رہی ہیں، الیکشن کمیشن میں انکشاف
انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) مافیا سے اپنے مفادات کے لیے پیسے لیتی ہے اور اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو معلوم ہو گا کہ ان کی پارٹی کے کتنے جعلی اکاؤنٹس ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو التوا کے پیچھے چھپتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کے لیے بھی استعمال ہوئے جس کے بارے میں تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) 4 برس اکاؤنٹس کی تفصیل دینے سے بھاگتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کے مطابق پیپلز پارٹی کے 7، مسلم لیگ (ن) کے 12 اکاؤنٹس ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے ہمیشہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھا ہے اور دونوں اسی گڑھے میں گر گئے جہاں ہمیں گرانا چاہتے تھے۔