بلوچستان کے ضلع ہرنائی و گرد و نواح میں 7 اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔
گزشتہ شب ہرنائی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر ہرنائی و گردونواح میں آنے والے آفٹر شاکس کو 3.5 ریکارڈ کیا گیا اور اس کی گہرائی 35 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز سبی سے 50 کلومیٹر شمال میں واقع تھا.
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث کئی مکانات کی دیواریں گر گئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہرنائی منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن جاری ہے جس میں پاک فوج، ایف سی اور حکومت کے ساتھ نجی تنظیمیں بھی فلاحی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی ٹرک ہرنائی پہنچ گئے ہیں۔