وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ طور پر بہادر جنگجو صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹیلی ویژن سریز بنائیں گے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے ملٹی میڈیا کا استعمال معاون ثابت ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق فلم ساز شہزاد نواز اور ترک پروڈیوسر ایمرے کونک سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی سریز نوجوانوں کو تاریخ میں ان کے کردار کے حوالے سے آگاہ کرے گی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ معمول سے ہٹ کر تاریخی نظریات پر مبنی ڈرامے اور فلمیں بنانے کا بہترین وقت ہے’۔
مستقبل قریب میں صلاح الدین ایوبی پر بننے والی پاکستان-ترکی مشترکہ سیریز کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘مغرب کی جانب سے بھی انہیں عظیم شخصیت کا لقب دیا گیا ہے’۔
‘پاکستانی ڈرامے’ کو ترک زبان میں بھی نشر کیا جائے گا، فیصل جاوید
وزیر اعظم نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی نے بیت المقدس فتح کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا تھا۔
ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید، سید جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کو پاکستان اور ترکی کی مشترکہ ٹیلی ویژن سیریز کے حوالے سے بریف کیا گیا۔
بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ سیریز کی منصوبہ بندی مکمل ہوچکی ہے جبکہ سیریز کی شوٹنگ آئندہ سال اپریل میں شروع کردی جائے گی۔
چشمہ کینال
وزیر اعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا میں زراعت اور بالخصوص ترقیاتی منصوبے رائٹ بینک چشمہ کینال (سی آر بی سی) سے متعلق اجلاس بھی ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ ‘چشمہ کینال رائٹ بینک منصوبہ جنوبی خیبر پختونخوا کے وسیع رقبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا‘۔