دبئی: بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے امپائر مائیکل گف پر پابندی عائد کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز مائیکل گف بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوٹل سے باہر نکلے اور بغیر اجازت لوگوں سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا۔
مائیکل گف نے پابندی کے باعث گزشتہ اتوار بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہیں دیئے، ان کی جگہ میریس ایراسمس نے اس میچ میں امپائرنگ کی۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی، بھارتی کھلاڑی بہانے تراشنے لگے
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں یہ بائیو سکیور ببل کی پہلی خلاف ورزی ہے جو کھلاڑی کے بجائے آفیشل کی جانب سے کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل معاملے کو دیکھ رہی ہے اور مزید تحقیقات کر رہی ہے جب کہ 41 سالہ امپائر اس وقت تنہائی میں ہیں، قرنطینہ کے دوران مائیکل گف کا روزانہ کوویڈ ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل مقابلوں میں بہترین تصور کیے جانے والے مائیکل گف قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے تاہم انہیں آئی سی سی کی جانب سے مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس میں انہیں ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل کی امپائرنگ سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔