مشیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)سے معاہدہ طے پانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت ایک ارب ڈالر ملیں گے جبکہ پیٹرولیم لیوی میں ماہانہ 4 روپے اضافہ سمیت 5 اہم اقدامات کرنے ہوں گے۔
اسلام آبادمیں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پیکج کی بحالی کیلئے معاہدہ
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم کے ساتھ تبادلہ خیال ہو رہا تھا لیکن یہ ایک اسٹاف معاہدہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا ہے، چھٹے جائزہ اجلاس کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر دے گا، جس کے بعد مجموعی 3 ارب ڈالر ہوجائیں گے جو انہوں نے ہمیں دیے ہیں۔
آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے:
جی ایس ٹی پر استثنیٰ ختم
پیٹرولیم لیوی ہر مہینے 4 روپے بڑھانا
اسٹیٹ بینک قانون میں ترمیم
کووڈ کے حوالے سے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پیش کرنا
کووڈ اخراجات کی بینیفشل اونرشپ بتانی ہے
انہوں نے کہا کہ جب یہ ان کے بورڈ سے منظور ہوگا تو ایشائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور جو ممالک ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں وہ بھی وسائل ہمیں دیتے ہیں اور اس طرح یہ بڑے پیمانے پر سرگرمی ہوتی ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ایک طرح سے تسلیم کیا ہے کہ کووڈ کے باوجود حکومت پاکستان کی معاشی ترقی جاری ہے اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کامیابی سے عمل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ میں ایڈجسٹمنٹ، ٹیکس کے نظام میں بہتری، اخراجات میں احتیاط اور مالیاتی نظم و ضبط وہ چند اہم اقدامات ہیں جن سے ملک کو ٹھوس معاشی بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ چند اقدامات ہیں جن کو انہوں تسلیم کیا ہے کہ ہم بنیادی طور پر درست سمت پر ہیں، درمیانی سے طویل مدت کی پالیسی اصلاحات پر زور دیا ہے کہ جو خرابیاں ہیں وہ دور ہونی چاہیے۔
آئی ایم ایف کے مطالبات دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات جاری رکھیں، توانائی کے شعبے کے بارے میں کہا ہے کہ اس میں بہتری کی ضرورت ہے اور یہ عمل جاری رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے بیرونی اکاؤنٹ پر دباؤ ہے اس لیے اسٹیٹ بینک کو وقت پر اقدامات کرنے چاہیئں، پاکستان اس وقت بین الاقوامی سطح پر آنے والے سپلائی چین مسائل سےمتاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی ایک مسئلہ ہے، تاہم اتفاق کیا ہے کہ اس پر کوئی اقدامات کرنے ہوں گے، معیشت میں دباؤ ہے اس کو بھی کم کرنا پڑے گا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ طویل مدتی اسٹرکچرل مسائل ہیں، سرکاری اداروں کی انتظامیہ میں شفافیت میں اضافہ کرنا پڑے گا، پبلک فنانس میں اصلاحات کرنا پڑیں گی، ٹیکس کے قوانین سہل بنانے اور کاروباری ماحول میں آسانی پیدا کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے فرائض واضح کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں، جس کے تحت اسٹیٹ بینک کا بنیادی مقصد یہ بھی ہوگا وہ قیمتوں کے توازن میں مدد کرے گا۔
آئی ایم ایف پیکج کی بحالی کیلئے اقدامات کا اعلان آج متوقع
ان کا کہنا تھا کہ دیگر مانیٹری پالیسی ریٹ، ایکسچینج ریٹ پالیسی اسٹیٹ بینک کے پاس ہوگی اور اس آزادی دی جائے گی۔
‘سپلیمنٹری فنانس بل’
مشیر خزانہ نے کہا کہ انہوں نے سب سے بڑا یہ کہا ہے اور حکومت کو آگاہ کیا ہے، ان اصلاحات متعارف کروائیں گے، کم سرمایے کے گروپ کی مشکلات میں تھوڑا اضافہ ہوسکتا ہے، اس کے درمیان ٹارگٹڈ سبسڈیز دینے کو کہا ہے تاکہ جتنی دیر میں ایڈجسٹمنٹ ہوتی ہے اس دوران حکومت ان کے بارے میں بھی فعال رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہ رہے ہیں کہ مکمل طور پر سبسڈیز دی جائیں بلکہ ٹارگٹڈ سبسڈیز دیں جبکہ عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے کےپروگرام جیسے احساس، کامیاب صحت اور کامیاب پروگرام کو سراہا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ترجیحی اقدامات کی پیش گوئی کرتا رہا ہوں اور اب ترجیحی اقدامات کے دوران جی ایس ٹی اصلاحات سپلیمنٹری فنانس بل کی صورت میں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کی مد میں 4 روپے ہر مہینے بڑھانا ہے، تاکہ وہ 30 روپے تک جائے، اسٹیٹ بینک کی ترمیم پارلیمنٹ سے ضروری ہے۔
آئی ایم ایف سےمعاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کووڈ کے اخراجات کی آڈٹ بھی دکھانا ہے، ان کے معاہدوں سے متعلق اہم معلومات پیپرا کی ویب سائٹ پر اشاعت تاکہ بینفیشل اونر شپ کے بارے میں ویکسینز شامل ہیں۔
‘مارچ میں جہاں چھوڑا تھا وہی سے سفر شروع ہوا’
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سفر وہاں سے شروع ہوا جہاں ہم لوگوں نے مارچ میں چھوڑا تھا، مارچ میں جب ہم نے 500 ملین ڈالر لیے تھے تو ہم نے ان سے 700 ارب روپے کے ٹیکس بڑھائیں گےیا استثنیٰ کم کرنے، ہم نے ٹیرف تقریباً 4 روپے 95 پیسے بڑھانے اور اسٹیٹ بینک کی ترمیم لے کر آنے کے وعدے کیے تھے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات اب تک بے نتیجہ ثابت
مشیر خزانہ نے کہا کہ استثنیٰ میں ہمیں کچھ دینا پڑا حالانکہ زراعت، فوڈ اور فرٹیلائزر کو بچایا اور انکم ٹیکس میں سارا کچھ بچایا، جس میں پروویڈنٹ فنڈ پر ٹیکس، پرسنل انکم ٹیکس کے سلیبز انہوں نے بڑھانے تھے وہ کم کیے اور اس کو تقریباً 700 کا تقریباً ساڑھے تین سو تک لے کر آئے ہیں، یوں آدھا بچالیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسٹیٹ بینک کے ایکٹ میں کچھ چیزیں اسٹیٹ بینک تک تھیں، وہ بھی منطقی بنایا ہے، لیکن یہ بات طے ہے اور ہمارا مانناہے کہ مرکزی بینک جیسے دوسرے ملکوں کی طرح مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ پالیسی، قیمتوں کا تعین کی باگ ڈور ان کے پاس ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹیٹ بینک کی خود مختاری پر یقین رکھتےہیں اور اس حوالے سے بل منظورکروائیں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی پر استثنیٰ ہمیں ختم کرنا ہے، پیٹرولیم لیوی ہر مہینے 4 روپے بڑھائیں گے، پیٹرولیم لیوی ہم نے 600 اور 10 ارب کہہ دی تھی وہ تو ہم نہیں کر سکیں گے، انہوں نے پوچھا کتنی کریں گے تو ہم نے کہا کہ اس سے لوگوں کو تکلیف ہوگی۔
پیٹرولیم پر لیوی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 356 ارب روپے یعنی تقریباً 260 ارب روپے کم کیا، اسٹیٹ بینک قانون پر ترمیم کروانی ہے، کووڈ کے حوالے سے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پیش کرنی ہے، ان کے اخراجات کے بینیفشل اونرشپ بتانی ہے کہ ویکسین دینے والی کمپنی کون تھیں اور ان کے مالک کون تھے۔
قبل ازیں آئی ایم ایف نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے چھٹے جائزے کے لیے درکار پالیسیوں اور اصلاحات پر عملے کی سطح کا معاہدہ ہوگیا، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے کووڈ 19 سپورٹ فنڈ کے آڈٹ کا جائزہ
آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پیشگی اقدامات کی تکمیل بالخصوص مالی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بعد مذکورہ معاہدے کی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔
معاہدے کی منظوری سے اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کی مد میں 75 کروڑ دستیاب ہوں گے، جو ایک ارب 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مساوی ہیں۔
آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق اس سے پروگرام کی اب تک دی گئی رقم 3 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائے گی اور باہمی اور کثیرالجہتی شراکت داروں سے فنڈنگ کھلنے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف نے ’مشکل ماحول کے باوجود‘ پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں ملک کی پیش رفت کو تسلیم کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ بجٹ کے بنیادی خسارے کے سوا جون کے آخر تک کے لیے تمام مقداری کارکردگی کے معیارات کو بڑے مارجن کے ساتھ پورا کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فنڈ نے انسداد منی لانڈرنگ کو بہتر بنانے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے نظام سے نمٹنے میں پاکستان کی پیش رفت کا بھی اعتراف کیا، تاہم اس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی وقت درکار ہے۔