ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
ٹاس کی جیت بنگالی ٹائیگرز کے حصے میں آئی، کپتان مومن الحق نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ متحارب ٹیمیں چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری کرکٹ سٹیڈیم میں معرکہ آرا ہیں۔ پہلی اننگز میں بنگلا اوپنرز سیف حسن اور شادمان اسلام کریز پر آئے تاہم شاہین باولرز نے بنگالی بیٹرز کو ٹکنے نہ دیا۔ شاہین آفریدی نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے سیف حسن کو کیچ دینے پر مجبور کیا جسے عابد علی نے پکڑا، یوں محض 19 کے مجموعے پر حریف ٹیم کی پہلی وکٹ گرا دی۔ ان کے بعد نجم الحسن اور شادمان اسلام بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور محض 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مومن الحق کوئی پرفارمنس دکھائے بغیر شاہین باولر ساجد خان کا نشانہ بنے، وہ 6 رنز سے آگے نہ بڑھے۔ 28 ویں اوور کے اخختام پر لٹن داس اور مشفق الرحیم69 رنز کے مجموعے کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
طویل دورانیے کی کرکٹ میں بھی ٹیم پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے، اب تک کھیلے جانے والے گیارہ میچز میں سے دس مرتبہ جیت شاہینوں کا مقدر بنی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا، بنگال ٹائیگرز تاحال اپنی پہلی فتح کے منتظر ہیں۔
سیریز کے آغاز سے قبل بنگلا دیشی ٹیم کودو بڑے دھچکے لگے، سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن ہمیسٹرنگ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے۔
چھوٹے فارمیٹ کے کپتان محمود اللہ نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔