پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 اور فاطمہ ثنا نے ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں، ان کو گزشتہ سال 1326 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
محمد رضوان کا اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ دہری خوشی اس بات کی ہے کہ اس بار یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔
قومی وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کاکریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور میرے کھیل کا جائزہ لینے والوں کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔
آئی سی سی ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریا کی آندریا مائی زبیدہ قرار پائیں جبکہ آئی سی سی ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ عمان کے ذیشان مقصود کے نام رہا۔
فاطمہ ثنا آئی سی سی ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعزاز اپنے نام کرنے پر انہوں نے کہا کہ وہ ایوارڈ جیتنے پر خوش ہیں ۔
واضح رہے کہ فاطمہ ثنا ویمن ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہیں ۔